غزہ کی صورت حال پرمسلم حکمرانوں اور فوجی سربراہوں کا فوری اجلاس بلایا جائے۔حافظ نعیم الرحمن


اسلام آباد (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلم حکمرانوں اور فوجی سربراہوں کا فوری اجلاس بلایا جائے اور بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا جائے ۔

فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پرحافظ نعیم الرحمن پیر کو میلوڈی مارکیٹ اسلام آباد میں یوم یکجہتی فلسطین مارچ سے خطاب کر رہے تھے ۔حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں یوم یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی ۔ اس موقع پر نائب امیر میاں اسلم ،قیم صوبہ اقبال خا ن ،امیر ضلع نصراللہ رندھاوااور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ریلی میں مردوں  کیساتھ ساتھ خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران فلسطینیوں نے اسرائیلی جارحیت پر غیر معمولی استقامت کا مظاہرہ کیا ۔ فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے آج پوری پاکستانی قوم سڑکوں پر ہے ۔ انہوں نے قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوامی حقوق کے سلسلے میں سڑکوں پر تھے مگر غزہ کے ایشو پر حکومت اپوزیشن تمام شعبہ زندگی سے رابطہ کیا ہم نے نمبر سکورنگ نہیں بلکہ درد دل سے اس ایشو کو پوری قوم کا ایشو بنایا۔ اسی سلسلہ کی کڑی میں وزیر اعظم ہاؤس میں کل جماعتی کانفرنس میں ہم بھی شریک ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سے لیکر اب تک پوری پاکستانی قوم فلسطین کے جائز موقف اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کیخلاف ہے ۔ایک لاکھ فلسطینی شہید ہوئے مگر اقوام متحدہ اور او آئی سی نے انہیں بچانے میں کردار ادا نہ کیا تو حماس نے غیرت و حمیت کی راہ اختیار کرکے طوفان اقصی برپا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کی پشت پر امریکہ مغرب ہے جو اسے اسلحہ دے رہے ہیں۔بھارت بھی اسرائیل کی پشت پر ہے ۔امریکہ میں صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ صدراتی انتخابات کی مہم میں کوئی امن کی بات نہیں کررہا ۔ٹرمپ اور کمیلا دونوں ، صیہونیت کی مدد کے لئے ایک دوسرے سے بڑھ کر اعلانات و اقدامات کا اعلان کررہے ہیں ۔ جمہوری ملک کے دعوے دار امریکہ کے عوام کو بھی اپنے حکمرانوں کا جائزہ لینا چائیے ۔امریکہ برطانیہ نے تباہ کن ہتھیاروں کا واویلا کرکے عراق تباہ کیا افغانستان میں جارحیت کی۔ پاکستان کے قیام کے وقت لوگوں نے ہجرت کی تھی اورلٹے پٹے لوگ تھے مگر جذبہ سے لوگ کام کرتے تھے۔ اس وقت قائد اعظم نے اسرائیل کو مغرب کی ناجائز اولاد کہا تھا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کمزرو معیشت کا بہانہ بنا کر حکمران فلسطین اور کشمیر سے پسپائی کی راہ اختیار کررہے ہیں ۔مسلم حکمرانوں اور فوجی سربراہوں کو فوری اجلاس منعقد ہونا چا ہیے جماعت کے کارکن رہنما بیدار رہیں، قوم کو متحد کریں اور حکمرانوں کو راہ فرار اختیار نہ کرنے دیں مسلم حکمران بیدار ہوں اور عزت کی راہ اختیار کرکے فلسطین و کشمیر اور دیگر ایشوز پر امت کی امنگوں کے مطابق کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت سے ہٹ کر فلسطین کے ایشوز پر پوری قوم اٹھ چکی ہے اور غزہ و کشمیر کی پشت پر ہے ۔ پیر کو پاکستان بھر میں یوم یک جہتی فلسطین کے سلسلے میں مظاہرے ہوئے ۔