جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے جھڑپ میں 17 اسرائیلی فوجی مارے گئے۔ حزب اللہ

بیروت(صباح نیوز)حزب اللہ نے لبنان کے جنوب میں جاری جھڑپوں میں 17 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔حزب اللہ نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ “آپریشن روم کی ، محاذ کے باوثوق ذرائع کے حوالے سے،  فراہم کردہ اطلاع کے مطابق جھڑپوں میں 17 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔تاہم اسرائیلی فوج نے لبنان میں 30 ستمبر سے جاری  جھڑپوں میں 9 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے 30 ستمبر کو لبنان کے جنوب میں حزب اللہ کے انفراسٹرکچر پر محدود پیمانے  کے بھاری بری حملے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔اسرائیلی فوج 8 اکتوبر سے حزب اللہ کے ساتھ محدود جھڑپیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ 17 اور 18 ستمبر کو اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے زیرِ استعمال پیجر اڑا دیئے  تھے اور 23 ستمبر کو لبنان کے جنوبی شہروں کے ساتھ ساتھ البقاع اور بعلبک پر سینکڑوں فضائی حملے کئے تھے۔

العربیہ   کے مطا بق لبنانی وزارت پبلک ورکس اینڈ ٹرانسپورٹ کے ایک ذریعہ نے کہا کہ بیروت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آس پاس کے باہر جمعہ کی صبح کم از کم ایک اسرائیلی حملہ کیا گیا۔ ایک اور ذریعہ نے تبصرہ کیا کہ ہوائی اڈے کو براہ راست نشانہ نہیں بنایا گیا تھا اور اس نے کام کرنا بند نہیں کیا ہے۔ لبنانی وزارت صحت نے جمعہ کے روز صبح سویرے اعلان کیا کہ گزشتہ بیس گھنٹوں کے دوران لبنان پر اسرائیلی حملوں سے 37 افراد ہلاک اور 151 زخمی ہوگئے ہیں۔