کوئٹہ (صباح نیوز)صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے بروری بائی پاس پر باراتیوں کی بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔ باراتیوں کی بس خلجی کالونی سے بلیلی کی جانب جارہی تھی کہ اس کا ٹائر برسٹ ہو گیا اور وہ کھائی میں جا گری۔پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے۔شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو بس سے نکالا اور بی ایم سی منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بروری بائی پاس بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کا باعث ہے۔وزیر اعلی بلوچستان نے سرکاری بیان میں حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کوئی غفلت پائی گئی تو مواخذہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ زخمیوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا جا رہا ہے