حافظ نعیم الرحمان کی شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ،محمود اچکزئی کو ٹیلی فون، غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ  محمود اچکزئی سے ٹیلی فونک رابطہ کے دوران غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی ۔جماعت اسلامی ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان منا رہی ہے اور اس سلسلے میں 6 اور 7 اکتوبر کو بالترتیب کراچی اور اسلام آباد میں ملین مارچز ہوں گے۔ جماعت اسلامی تمام سیاسی پارٹیوں کو ملین مارچز اور خصوصی طور پر اسلام آباد میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کی دعوت دے رہی ہے۔

امیر جماعت نے وفد کے ہمراہ جن میں نائب امرا لیاقت بلوچ، میاں اسلم، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، امیر جماعت اسلام آباد نصراللہ رندھاوا و ڈائریکٹر سوشل و ڈیجیٹل میڈیا سلمان شیخ شامل تھے سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی جارحیت اور سفاکیت کی مذمت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو یک زبان ہوکر فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھانی چاہیے اور حکمرانوں کو مجبور کرنا چاہیے کہ وہ لفظی بیانات اور مذمتوں کی بجائے مظلوموں کو صہیونی مظالم سے نجات دلانے کی خاطر عملی اقدامات کریں۔

شاہد خاقان عباسی نے جماعت اسلامی کی فلسطین کاز کے لیے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھیں غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔امیر جماعت نے کہا کہ ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان کے دوران چترال میں جلسہ کے بعد اب فیصل آباد میں جلسہ ہوگا جب کہ اس کے بعد کراچی اور اسلام آباد کے ملین مارچ ہوں گے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں کو اپیل کی کہ وہ 7 اکتوبر کو دن 12 بجے اپنے دفاتر، گھروں سے باہر نکلیں اور غزہ کے عوام اور مجاہدین سے یکجہتی کا اظہار کریں۔