اسپیکر سردار ایاز صادق نے راولپنڈی میں اناج ذخیرہ کرنے کے نئے سائلو کولڈ سٹوریج کا افتتاح کردیا

 راولپنڈی (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی میں اناج ذخیرہ کرنے والے نئے سائلو کولڈ سٹوریج کا افتتاح کردیا انھوں نے قومی اسمبلی میں موثر قانون سازی کے ذریعے ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی اور جدید آلات کے استعمال سے صنعتی شعبہ مصنوعات کے اعلی معیار کو حاصل کر سکتا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صنعتی اور تجارتی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، سماجی و اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے تجارتی برادری کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اسفنیار ایم بھنڈارا بھی موجود تھے۔

اسپیکر نے کہا کہ ملک کے اندر صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینے میں پاکستانی تاجروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مصنوعات کا معیار بہتر ہوگا اور  خرید و فروخت میں اضافہ ہوگا جس سے صنعت کا شعبہ مزید مستحکم ہوگا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی موثر قانون سازی کے ذریعے ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔#/S