لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ غزہ میںصیہونی جارحیت کو ایک سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی ہفتہ یکجہتی غزہ منا رہی ہے۔ اسرائیل اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے آگے بڑھ رہا ہے اور اُمت مسلمہ کے حکمران خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ پوری پاکستانی قوم اہل غزہ کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتی ہے ۔ 7 تاریخ کو اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ کیا جائے گا، غزہ مارچ میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دے رہے ہیں قوم سے اپیل ہے کہ گھروں سے نکلے اور پوری دنیا کو بتا دے کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر اختلافات سے بالاتر ہوکر فلسطین کیلئے ہمیں ایک ہونا ہے۔اسرائیل مغرب اور امریکا کی آشیرباد سے فلسطین اور لبنان کے عوام کی نسل کشی کر رہا ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعے مشرق وسطیٰ کو جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جس کا مقصد گریٹر اسرائیل کا قیام ہے ۔ اس خواب کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے ۔ فلسطینیوں کی نسل کشی میں امریکا اور یورپی ممالک برابرکے شریک ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پرامن سیاسی مزاحمت کے ذریعے عام آدمی کا مقدمہ لڑرہی ہے، پاکستان کے عوام بیدار ہوچکے ہیں، اپناحق لے کررہیں گے۔ حکومت کی معاشی دہشت گردی کے خلاف حق دو عوام کو تحریک جاری ہے، حکمرانوں نے معاہدوں سے انحراف کیا ہے۔اب اس کی ذمہ دار بھی خود حکومت ہے ۔ ہماری تحریک روکنے والی نہیں۔ جماعت اسلامی پوری قوم کے لئے امید کی کرن بن چکی ہے ۔راولپنڈی میں14دن کا دھرنا دیکر جماعت اسلامی نے 25 کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے، جماعت اسلامی نے پر امن جمہوری سیاسی جدو جہد کے ذریعے پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس سے قبل کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے، حکمران عوام جائز کے مطالبات تسلیم کریں، جماعت اسلامی کی حق دو عوام کوتحریک 25 کروڑ پاکستانی عوام کو معاشی ریلیف دیلانے، امیر و غریب کا فرق مٹانے اور مٹھی بھر عیاش اشرافیہ کے ظلم سے عوام کو نجات کے لیے ہے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جدوجہد سے عوام کے اندر نیا حوصلہ اور روشن مستقبل کی اُمید پیدا ہوئی ہے، حکمرانوں کو راہِ راست پر لانے کے لیے ہر طرح سے عوامی دباؤ بڑھایا جائے گا۔ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت بے حسی چھوڑ کر عوام کے لئے حقیقی معنوں میں کام کرے ۔ بصورت دیگر اس کا انجام بھی حسینہ واجد جیسا ہو گا ۔ پاکستان کے 25کروڑ عوام ان کو بھاگنے نہیں دیں گے