کراچی(صباح نیوز) آغا خان یونیورسٹی نے ہیلتھ کیئر کے شعبے کی تنظیم روش(Roche) کے تعاون سے آغا خان یونیورسٹی میں زیر علاج کینسر کے 1500 سے زیادہ مریضوں کو فائدہ پہنچا ہے۔کینسر کے مریضوں کی مدد کے سلسلے میںآغا خان یونیورسٹی اور روش پاکستان کے درمیان 6سالہ اشتراک نے کراچی آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں کینسر کیئر تک رسائی فراہم کی ہے۔ اس سلسلے میں کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔2018 سے روش(Roche) پاکستان نے اپنے رسائی پروگرام کے تحت آغا خان یونیورسٹی ہسپتال میں مریضوں کو دوائیں فراہم کیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے، مالی مشکلات لوگوں کو ان کی ضرورت کے مطابق علاج کے حصول میں رکاوٹ نہ بنا سکیں۔
اس اقدام سے ناصرف بہت سے خاندانوں کے طبی اخراجات کا بوجھ کم کیا بلکہ ساتھ ساتھ کینسر سے لڑنے والے مریضوں اور ان کے عزیزواقارب کی امید اور وقار کو بھی بحال کیا۔آغا خان یونیورسٹی اور روش پاکستان کے درمیان اس 6سالہ اشتراک سے آغا خان یونیورسٹی میں زیر علاج کینسر کے 1500 سے زیادہ مریضوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ دونوں اداروں کو ان کا مشترکہ مقصد اکٹھا کرتا ہے جو زندگی بچانے والے اعلیٰ معیار کے کینسر کے علاج کو ان مریضوں کے لیے قابل رسائی بنانا جو اس کے متحمل نہیں ہیں۔
آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے اس سلسلے میں منعقدہ تعریفی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں کینسر کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے سے بہت بڑھ کر ہے۔ یہ وہ چیز ہے جو ملک بھر کے لوگوں اور اداروں سے ایک ہونے اور مل کر کام کرنے کا تقاضا کرتی ہے اور Roche اور آغا خان یونیورسٹی یہی کر رہے ہیں۔
آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کا پیشنٹ ویلفیئر پروگرام انفرادی اور کارپوریٹ ڈونرز جیسے روش پاکستان کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ کم آمدنی والے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی کینسر جیسی پیچیدہ بیماریوں کے اہم علاج تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ 1986 سے جاری اس فلاحی پروگرام نے فلاحی امداد اور تعاون کی مد میں اب تک تقریباً 35 ارب روپے تقسیم کئے ہیں جس سے پاکستان بھر کے لاکھوں افراد کو آغا خان یونیورسٹی میں صحت کی معیاری سروسز سے استفادے میں مدد ملی ہے۔Roche پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر حفصہ شمسی نے کینسر سے نبرد آزما مریضوں کے سفر کو بہتر بنانے کے لیے دونوں اداروں کی اس مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں اسے مثالی اصلاحاتی شراکت داری کے طور پر دیکھتی ہوں،
لیکن کیوں؟ کیونکہ ہم نگہداشت کی معیاری ادویات فراہم کرتے ہیں اور آغا خان یونیورسٹی ہسپتال اس سلسلے میں ایک پیشہ ورانہ مہارت کا حامل بہترین ادارہ ہے۔آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کی چیف ایڈوانسمنٹ آفیسر زہرہ سومانی نے کہا کہ Roche پاکستان کی طرف سے دی جانے والی امداد نہ صرف اہم ادویات فراہم کرتی ہے بلکہ ہمارے مریضوں میں ان تاریک دنوں میں امید کی کرن جگاتی ہے۔ ہماری نظریں پاکستان کے لوگوں کے لیے کینسر کی معیاری دیکھ بھال تک رسائی میں اضافے کے لیے اپنی اس شراکت کو جاری رکھنے پر مرکوز ہیں۔