غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے 34ویں بیج کی انڈکشن تقریب

اسلام آباد(صباح نیوز) چئیرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام،سینیٹر روبینہ خالد نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں نئے طلبا کے بیچ انڈکشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں  پاکستان میں انجینئرنگ سائنسز اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی سوسائٹی (SOPREST) کے صدر، ممبر گورننگ باڈی سلیم سیف اللہ خان ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شکیل درانی، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد، پرو   ریکٹرز، ڈینز، محکموں کے سربراہان ،اہم شخصیات اور  ملک بھر سے طلبا نے شرکت کی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے ملک کو مضبوط بنانے کے لیے اتحاد اور مشترکہ طور پر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو برداشت، تنقیدی سوچ اور سماجی تبدیلی کو فروغ دینے ،صحیح اور غلط میں تمیز کرنے اور  مفاہمت کے فروغ میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے سوشل میڈیا کے اثرات پر بھی گفتگو کی اور کردار سازی کے لیے الفاظ کے دانشمندانہ استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان کے داخلی اور خارجی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے، انہوں نے مربوط کوششوں اور منفی سرگرمیوں سے دور  رہنے کی تلقین کی تاکہ  ملک کے امن اور ترقی  کو یقینی بنایا جا سکے۔SOPREST کے صدر انجینئر سلیم سیف اللہ خان نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا: “آپ پاکستان کا مستقبل ہیں”

انہوں نے سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے  بی آئی ایس پی کے وژن کو سراہا۔  بی آئی ایس پی اس وقت ملک بھر میں 93 لاکھ متحق خواتین کی مدد کر رہا ہے اور جلد یہ تعداد  ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ  GIKI  انسٹی ٹیوٹ پچھلے تین دہائیوں میں معیاری تعلیم کی ایک علامت بن چکا ہے جس کے 7500 سے زائد فارغ التحصیل طلبا دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں کام کر رہے ہیں