کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی ویمن ٹیلنٹ ایگزیبیشن والیوم 4 کے زیر اہتمام النور فیملی پارک میں خواتین کے لیے ایک تفریحی اور تعمیری پروگرام باصلاحیت، باوقار، باکمالCelebrating the modest, the skillful, the talented کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کی مہمان خصوصی ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی جاوداں فہیم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی باصلاحیت اور ہنر مند خواتین کے لیے اس طرح کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔
انہوں نے حلقہ خواتین ضلع وسطی کو اس نوعیت کا پروگرام پیش کرنے پرخراج تحسین پیش کیا اوراس پروگرام میں شرکت کرنے والی خواتین کا شکریہ ادا کیا اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنی والی سینکڑوں خواتین نے اس پروگرام میں بھر پور شرکت کی۔ پینل ڈسکشن میں حصہ لینی والی باہمت اور ہنر مند خواتین ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان انفارمل ایجوکیشنل کنسلٹنٹ طیبہ عاطف، سابقہ تجزیہ نگار، جیو ٹی وی بلاگر اور شاعرہ ساجدہ فرحین، عثمان کالج کی سینئر ڈائریکٹر اور لیکچرار صبوح طلعت نے اپنی زندگی کی کامیابی کے تجربات بیان کیے کہ کس طرح انہوں نے مسلسل اور انتھک محنت کے بعد معاشرے میں اپنا ایک مقام بنایا۔ دیگر سرگرمیوں میں 12سے 15سالہ بچیوں کے درمیان تحریری مقابلہ پینٹنگ کارنر حجاب کی ضرورت اور اہمیت پر خاکہ اور ”مجھے مستور رہنے دو” کے عنوان پر تقریر کرکے سرٹیفیکیٹ اور انعامات وصول کیے۔
اس کے علاوہ ہنرمند خواتین کی ہاتھوں کی بنی اشیاء کے اسٹالز،کتابوں کے اسٹالز اور کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز سے شرکاء محظوظ ہوئے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنٰ کی اہلیہ ڈاکٹر شمائلہ نعیم نے پروگرام کے شرکاء کو جماعت اسلامی کا ممبر بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے عوام سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے معزز مہمانوں کو تحائف پیش کیے۔ ناظمہ ضلع وسطی مسرت جنید نے اپنے اختتامی خطاب میں پروگرام کی انتظامیہ کو ایک موثر اور منظم پروگرام پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی ہنرمند خواتین کے لیے اس طرح پروگرام ہوتے رہنے چاہئے اس طرح ان کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔