شہباز شریف ان ہاؤس تبدیلی کیلئے متحرک ،سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے


اسلام آباد/ لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی مین قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف ان ہاؤس تبدیلی کیلئے متحرک ہوگئے اور لاہور،کراچی اوراسلام آباد میں حکومتی اتحادیوں سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، شہباز شریف کی پولیٹیکل ٹیم نے ملاقاتوں کے شیڈول کی تیاری شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن )نے پھر ان ہاؤس تبدیلی کو فوکس کر لیا اور پارٹی کے صدرشہباز شریف حکومت کے خلاف مزید متحرک ہو گئے۔ ان ہاؤس تبدیلی میں کامیابی کے لیے شہباز شریف نے سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتوں کا فیصلہ کرلیا۔مسلم لیگ ن کے صدر اپوزیشن قائدین کے علاوہ حکومتی اتحادیوں سے بھی ملیں گے۔ شہباز شریف نے اپنی پولیٹیکل ٹیم کو ملاقاتوں کا شیڈول بنانے کی ہدایت کر دی۔

شہباز شریف لاہور،کراچی اوراسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔ وہ حکومتی اتحادی باپ، ق لیگ اور جے ڈی اے کے قائدین سے ملیں گے۔جے ڈی اے کے قائدین سے ملاقاتوں کیلئے لیگی رہنما کراچی جائیں گے، جہاں لیگی رہنماؤں کے علاوہ سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے رابطہ کرینگے۔ شہباز شریف کی پولیٹیکل ٹیم نے ملاقاتوں کے شیڈول کی تیاری شروع کردی۔

رواں ماہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شہباز شریف اہم سیاسی رہنماؤں سے ملیں گے۔شہباز شریف اسلام آباد میں مولانافضل الرحمن ،محمودخاں اچکزئی اور سردار اختر مینگل سے ملیں گے اور سیاسی رہنمائوں کو ان ہائوس تبدیلی پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔