نشتر بستی اسکول کی تزئین و آرائش، منعم ظفر اور ڈاکٹر فواد نے افتتاح کردیا

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ  ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے 14 سو سال پہلے ہر مردو عورت پر علم حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا تھا کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جانتے تھے کہ علم کے بغیر نہ دین حاصل ہوتا ہے اور نہ ہی دنیا،بچوں کی پرورش کی پہلی درس گاہ ماں اور اس کے بعد اسکول ہوتا ہے جہاں اس کی بنیادی تعلیم و تربیت کی اساس کو مضبوط کیا جاتا ہے اسکول کی تربیت زندگی بھر ہر ایک کے ساتھ رہتی ہے ہمارا وژن ہے کہ ہر بچہ تعلیم یافتہ اور قابل ہو، پاکستان کی آبادی کا 64 فیصد حصہ  15 سال سے کم عمر بچوں پر مشتمل ہے یہ بچے ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ  ہیں، انہیں اگر صحیح سمت ملے اور تعلیم کی بنیادی سہولیات میسر ہوں تو کوئی شبہ نہیں کہ جلد پاکستان ترقی پذیر ممالک کی فہرست سے نکل کر ترقی یافتہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہو جائے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تزئین وآرائش اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے بعد نشتر بستی اسکول کا چئیرمین ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.نشتر بستی اسکول کی تزئین و آرائش میں دونوں عمارتوں کا رنگ و روغن، واش رومز کی تعمیر،  تدریسی کتب  و دیگر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ اساتذہ کے دیرینہ مسائل جن میں ٹائم اسکیل اپ گریڈیشن  و دیگر سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے جبکہ اسکول میں بچوں کیلئے جوڈو کراٹے اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے.امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے اسکول کی بہتری کیلئے کام کرنے پر چئیرمین ڈاکٹر فواد احمد کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ ایسا کام ہے جسے بلدیاتی سطح پر ہرایک کو سر انجام دینا چاہیئے. چئیرمین ڈاکٹر فواد احمد  نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کا  تقاضہ ہے کہ بلدیاتی سطح پر  اسکولوں کی بہتری پر توجہ دی جائے اور اس کام کا گلشن ٹاون میں آغاز کر دیا گیا ہے

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول  نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی تمام تر توانائی اسکولوں  کی بہتری کیلئے لگا دی ہے،  جب پہلی مرتبہ یہاں آئے تو شدید افسوس ہوا کہ  اسکول میں نہ ہونے کے برابر سہولیات تھیں مگر اساتذہ اور طلبہ کے حوصلے اور عزم دیکھ کر ہم نے فیصلہ کیا کہ اس اسکول کو سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا  الحمد اللہ آج یہ اسکول انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار کے لحاظ سے بھی نمایاں  ہے،انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں بہتری کے ساتھ ساتھ ملازمین کیلئے بھی کئی سہولیات فراہم کی ہیں جو کہ سندھ کی سطح پر کسی بھی بلدیاتی ادارے نے فراہم نہیں کی ہیں اس کا فائدہ یہ ہوا کہ گلشن ٹاون میں ورکنگ ماحول پیدا ہوا ہے جبکہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ بلدیاتی اداروں پر عوام کا بھروسہ بحال ہو اور آہستہ آہستہ اس میں کامیابی بھی حاصل ہو رہی ہے، میں تمام اساتذہ و طالب علموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نامساعد حالات میں بھی علمی سفر کو جاری رکھا اور مزید بہتری کیلئے  کوشش کرتے رہے بالخصوص چیئرپرسن ایجوکیشن کمیٹی اسما طاہر اور ڈائریکٹر ایجوکیشن عظیم حیدر و تمام اساتذہ کا جنہوں نے اسکول کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

سابق ایم پی اے نجمہ سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ اسکول نشتر بستی کے مکینوں کے بچوں کیلئے ایک علم کا دریا رہا ہے اور یہاں سے بچے تعلیم حاصل کرکے آگے بڑھے ہیں مجھے خوشی ہے کہ گلشن ٹاون کی بلدیاتی قیادت نے تعلیم کی اہمیت کو سمجھا اور اس اسکول کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، یوسی چیئرپرسن صنم گبول و دیگر نے بھی چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے تمام اہل محلہ سے بھی درخواست کی کہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے نشتر بستی اسکول بھیجیں جہاں بہترین تعلیم فراہم کرنے کیلئے اچھی ٹیم موجود ہے، بعد از اں امیر جماعت اسلامی نے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ اسکول کی دونوں عمارتوں کا دورہ کرکے معائنہ کیا اور اسکول میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ تمام اساتذہ نے اس موقع پر چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہائی شکر گزار ہیں کہ ہماری تمام تر مسائل کو حل کیا گیا اور اسکول کی بہتری کیلئے 18 سالوں میں جو کام نہیں ہوئے تھے وہ اب ہوئے ہیں.اس موقع پر چیئرپرسن ایجوکیشن کمیٹی اسما طاہر، اسکول کے تمام اساتذہ، گلشن ٹاون کی تمام یونین کمیٹیز کے نمائندگان اور گلشن ٹاون کے تمام افسران نے شرکت کی۔