جماعت اسلامی ضلع جنوبی خواتین کے تحت ”محمد ۖ اور خواتین ” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی ضلع جنوبی حلقہ خواتین کے تحت ماہ ِ ربیع الاوّل کی مناسبت سے” محمدۖ اور خواتین ”کے عنوان سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ویمن اسلامک لائرز فورم اور قرآن انسٹیٹیوٹ کی ٹر سٹی و رکن ضلعی شوریٰ حمیرا خالد نے ”اسلام میں عورت کے تقدس” کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام سے قبل عورت کو معاشرے میں کوئی سماجی حیثیت حاصل نہ تھی،دین اسلام نے ہی عورت کو ہر حیثیت میں اعلیٰ عزت و مقام عطا کیا۔

ایگزیکٹیو ممبر وومن اسلامک لائرز فورم نسیم ایڈوکیٹ نے” خواتین اور حق معاش ”کے  موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے مرد کو قوام بنایا ہے اور معاش کی ذمہ داری اس کے سپرد کی ہے، اگر کسی وجہ سے عورت کو معاشی ذمہ داری اٹھانی پڑے تو اسلام نے ضروری حدود و قیود کا پابند کیا ہے،صحابیات اور امہاتِ المومنین کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، ہمیں زندگی کے ہر پہلو میں قرآن و سنت سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے،حج ماسٹر ٹرینر اور سابقہ پرنسپل قرآن انسٹیٹیوٹ منیزہ شیراز نے ”خواتین کے معاشرتی کردار ”کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی تہذیب کی ظاہری چکا چوند نے عورت کے کردار کو متاثر کیا ہے، اسلام نے عورت کو معاشرے کا اہم جزو قرار دیا ہے، مسلمان عورت کو اپنا مقام پہچاننے کی ضرورت ہے۔ڈائیریکٹر ٹریننگ ڈیولپمنٹ ورکنگ وومن ویلفیئر ٹرسٹ رومیصاء زاہدی کا” خواتین کے سماجی کردار” کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہمارے لئے بہترین مثال نبی ۖ کی سیرت ہے کہ وہ کس طرح اپنی ازواج سے محبت سے پیش آتے اور آپ ۖ ان سے مشورہ کرنے میں کبھی نہیں ہچکچائے،

مردوں کے لئے نبی  ۖ اس حوالے سے بھی رول ماڈل ہیں کہ کس طرح اپنی بیویوں کی دلجوئی کی جاسکتی ہے،ناظمہ ضلع جنوبی شبنم امیر نے حق دو عوام کو تحریک کا تعارف پیش کیا ، شرکاء کو ممبر بننے کی دعوت دی اور کہا کہ آج کی عورت مساوات کے نام پر اپنی نسوانیت کی قیمت لگا کر آزادی حاصل کر رہی ہے، عورت کو اگر پناہ کہیں مل سکتی ہے تو رحمتہ للعالمین ۖ  کے اسوۂ اور اسلامی نظام میں مل سکتی ہے، جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک نظام مصطفی کے قیام کی ہی تحریک ہے، جماعت اسلامی یقین رکھتی ہے کہ عورت کو تعلیم کا حق ملنا چاہیئے اور اس کی تمام ضروریات بھی پوری ہونی چاہئیں،جماعت اسلامی کے پاس اس سلسلے میں پورا پروگرام موجود ہے،  خواتین جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک کا حصہ بنیں، ممبر و قوت بنیں اور عورت کے حقیقی مقام حصول کے لیے جدوجہد میں شامل ہوجائیں، تقریب میں ول فورم سے تعلق رکھنے والی ایڈوکیٹ عائشہ شوکت کو سیرت ۖ کے حوالے سے صدارتی ایوارڈ ملنے پر ضلع جنوبی کی جانب سے خصوصی تحفہ پیش کیا گیا۔