صدر آصف علی زرداری کی سری لنکا کے نومنتخب صدر انورا کمارا ڈیشا نائیکے کو انتحابات میں کامیابی پر مبارکباد


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر آصف علی زرداری نے سری لنکا کے نومنتخب صدر انورا کمارا ڈیشا نائیکے کو انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اپنے تہنیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک سوشلسٹ ریپبلک آف سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں بہترین تعاون کرتے آئے ہیں ۔

صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ صدر انورا کمارا ڈیشا نائیکے کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔صدر آصف علی زرداری نے سری لنکا کی قیادت اور عوام کے لئے اچھی صحت اور مسلسل خوشحالی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔