ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس


اسلام آباد(صباح نیوز) ولادت باسعادت سرور کونین، سید الانبیا، رحمت العامین حضرت محمد مصطفیۖ  ،مناسبت سے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام عشق پیغمبر اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ مزہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، علمائے کرام و مشائخ عظام اور  دیگر نے خطاب کیا۔ اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی مصنوعات کے عملی بائیکاٹ کی اپیل کی گئی ہے ۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل  لیاقت بلوچ نے کہا کہ رسول خداۖ  ، کی ذات امت کے لیئے نقطہ اتحاد ہے اور تمام مسالک کے لیئے حصار ہے۔انھوں نے کہا کہ  غزہ و بیت المقدس میں ہزاروں شہید ہونے کے باوجود عوام استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سب  مظلوموں کے درد کو سمجھیں اور فلسطین و لبنان کی متحد ہو کر حمایت کریں، اسرائیلی ناسور کسی کو معاف نہیں کرے گا، سات اکتوبر کو ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے  یوم الاقصی کے طور پر منایا جائے گا۔سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے حکومت وقت اپنا قبلہ درست کرے، غزہ کے مظلومین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، حکومت پارا چنار کے حالات کو جان بوجھ کر انتہائی خراب کرنا چاہتے ہیں،ملک میں بڑھتی شدت پسندی پر امن معاشرے کے لئے زہر قاتل ہے، غزہ کے مظلومین ظلم برداشت کرنے کے باوجود ثابت قدم ہیں ، شہر تباہ ہو گئے لیکن انہوں نے پشت نہیں دکھائی،ہمیں غزہ و لبنان کی عوام کا ساتھ دے کر حقیقی امتی ہونے کا ثبوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر ملی یکجہتی کونسل صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ اتحاد کی برکت ہے کہ مبارک ثانی کیس کا فیصلہ واپس ہوا، پاکستان کے جتنے مسائل ہیں سب پر ہم متحد ہو کر آواز اٹھائیں گے، سات اکتوبر میں ملی یکجہتی کونسل غزہ کے لیئے تمام ملک میں متحد ہو کر بھرپور پروگرام منعقد کریں گے، اسرائیل کو تسلیم نہیں کرنے دیں گے، ہماری جدوجہد متحد ہو کر جاری رہے گی۔صاحبزادہ محمد حامد رضا سربراہ سنی اتحاد کونسل پاکستان نے کہا کہ غزہ میں ظلم کی انتہا ہو رہی ہے لیکن دیکھا جائے تو آج ہم پاکستان میں بھی غزہ کی کیفیت سے دوچار ہی، ملی یکجہتی کونسل کو ڈی چوک پر اجتماع کرنا چاہئے تاکہ اس حصار سے عوام کو آزاد کروایا جا سکے،موجودہ حکومت،چیف جسٹس سے  ملی ہوئی ہے اور انہیں ہی چیف جسٹس رکھنا چاہتی ہے، ہم ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی تیاری کر چکے ہیں۔پیر نور الحق قادری ،سیدہ معصومہ نقوی، علامہ حسنین گردیزی، علامہ سید احمد اقبال، خواجہ مدثر، محمد عبداللہ گل، سید فدا بخاری، علامہ عارف واحدی، سید ناصر شیرازی، پیر عتیق چستی، سید اسد نقوی، میثم کاظم، سبز علی، سید علی اکبر کاظمی و دیگر خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ ہم ملکر اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسرائیلی مصنوعات کا عملی بائیکاٹ کریں۔