الخدمت نے بنو قابل پروگرام کیلئے کلفٹن میں کیمپس کا افتتاح کر دیا

کراچی(صباح نیوز)الخدمت نے کلفٹن میں فری آئی ٹی کورسز پروگرام بنو قابل کیلئے کیمپس کا افتتاح کردیا ۔ چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ڈائریکٹر بنو قا بل پروگرام فاروق کملانی، معروف تاجر شباب احمد اور خبیب احمد، کوآرڈینیٹر الخدمت ساتھ سفیان دلاور، انچارج بنو قابل ڈسٹرکٹ ساتھ سید جواد شعیب کے علاوہ دیگر معززین موجود تھے۔

اس موقع نوید علی بیگ نے کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں نوجوانوں کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔نوید علی بیگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے کیمپس کے قیام کا مقصد علاقے کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید تعلیم اور ہنرسے آراستہ کرنا ہے تاکہ انہیں معاشرے میں بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹرکی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم اپنے نوجوانوں کوآئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے مواقع فراہم کریں گے ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں دی جانے والی آئی ٹی کی تعلیم مہنگی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں نوجوان یہ کورسز کرنے سے قاصر ہیں ۔الخدمت نے حافظ نعیم الرحمن کے وژن پر عمل کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کرنے کا موقع فراہم کیا ہے اور اب تک اس پروگرام سے ہزاروں نوجوان پاس آٹ کرچکے ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ یہ پروگرام ملک کے بڑے شہروں میں شروع کر دیا ہے ۔ہم اس کا دائرہ وسیع کرنا چاہتے ہیں ۔اہل خیر سے اپیل ہے کہ وہ اس کار خیر میں حصہ لیں ۔الخدمت کا اس منصوبے میں ساتھ دیں ۔ ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کملانی نے کہا کہ سیکڑوں نوجوان بنو قابل پروگرام سے کورسز کرکے روزگار کمانے کے قابل ہو چکے ہیں ۔نوجوانوں جو آئی ٹی کے میدان میں آگے لے جانا چاہتے ہیں تاکہ یہ ملک آئی ٹی کے میدان میں ترقی کرے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ کلفٹن میں کیمپس کے قیام سے ڈیفنس اور کلفٹن اوراطراف کے نوجوان بھی بنو قابل فری آئی ٹی ٹریننگ پروگرام سے استفادہ کر سکیں گے ۔