اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی لاشیں عمارت کی چھت سے نیچے پھینک دیں

غزہ(صباح نیوز)اسرائیلی فو ج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کی ہے اسرائیلی فو جی اہلکاروں نے ایک عمارت کی چھت پر موجود لاشوں کو نیچے پھنک دیاامریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کی رپورٹ  کے مطابق  تین اسرائیلی فوجیوں کو کثیر المنزلہ عمارات کی چھتوں سے لاشوں کو نیچے گراتے ہوئے دیکھا ہے، اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے مشتبہ خلاف ورزیوں کے سلسلہ میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

اسرائیل کی جانب سے ایک فوجی بیان میں کہا گیا  یہ ایک سنگین واقعہ ہے جو اسرائیلی فوج کے اقدار اور فوج سے وابستہ توقعات کے بالکل برعکس ہے، اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ امریکی خبر ایجنسی اے پی کی جانب سے حاصل کی جانے والی ویڈیو میں 3 فوجیوں کو بظاہر ایک لاش کو اٹھاتے اور پھر اسے چھت کے کنارے گھسیٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ کچھ فوجی نیچے زمین پر بھی کھڑے ہیں۔ایک ملحقہ چھت پر، فوجی ایک اور بظاہر بے جان شخص کو پکڑ کر کنارے سے گرا دیتے ہیں، تیسرے واقعے میں ایک فوجی ایک لاش کو لات مارتے ہوئے نظر آتا ہے، اے پی کی تصاویر میں ایک اسرائیلی فوج کے بلڈوزر کو ان عمارتوں کے قریب جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں لاشیں گرائی گئی تھیں۔جائے وقوعہ پر موجود دوسرے صحافیوں نے بھی لاشوں کو چھتوں سے گرائے جانے کے مناظر کو دیکھا ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت فوجیوں کو یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ لاشوں کے ساتھ حسن سلوک برتا جائے۔فوٹیج دیکھنے کے بعد فلسطینی حقوق کے گروپ الحق کے ڈائریکٹر شوان جبارین نے کہا ایسا کرنے کے لیے فوج کی ضرورت نہیں ہے، یہ فلسطینی لاشوں کے ساتھ سلوک کرنے کا صرف ایک وحشیانہ طریقہ ہے۔

شوان جبارین کا کہنا تھا کہ ویڈیو چونکا دینے والی تھی لیکن حیران کن نہیں تھی اور انہیں شبہ ہے کہ اسرائیل شاید ہی اس واقعہ کی تحقیقات کرے، زیادہ سے زیادہ یہ ہوگا کہ فوجیوں کو ضابطہ میں لایا جائے گا لیکن حقیقت میں کوئی تحقیقات نہیں ہوگیں اور نہ ہی کوئی مقدمہ چلایا جائے گا۔ ادھر  فلسطینی تحریک مزاحمت حماس نے قابض صیہونی فوج کی طرف سے جنین کے مغرب میں واقع قصبے قباطیہ میں فلسطینی شہریوں کو شہید کیے جانے کے بعد ان کی لاشوں کو چھتوں سے نیچے گرانے بلڈوزروں کی مدد سے انہیں گھیسٹنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا کے جسد خاکی کو گھیسٹنا اور ان کی بے حرمتی کرناتمام آسمانی مذاہب کی تعلمیات اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ قابض دشمن کی طرف سے امریکی اور مغربی مدد سے جس بے رحمی کے ساتھ قیدیوں کی لاشوں کو سڑکوں پر گھسیٹا گیا اور ان کی بے حرمتی کی گئی اس پر فلسطینی قوم کے غیض وغضب اور دشمن کے خلاف مزاحمت کے عزم میں مزید اضافہ   ہوگا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کی جانب سے موصول ہونے والیایک پریس بیان میں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہدا کی لاشوں کو مسخ کرنا اور ان سے بدسلوکی کرنا ایک گھنانا جرم ہے جس کی تمام ممالک اور بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو سخت مذمت کرنی چاہیے۔حماس نے نشاندہی کی کہ غزہ اور مغربی کنارے میں ہونے والے یہ ہولناک جرائم تمام بین الاقوامی انسانی اور قانونی معیارات کی صریح خلاف ورزی کی عکاسی کرتے ہیں۔خیال رہے کہ کل جمعرات کو قباطیہ کے مقام پر اسرائیلی فوج کی دہشت گردی میں شہیدہونے والے سات فلسطینی نوجوانوں کی لاشیں سڑکوں پر گھسیٹی گئیں اور جنگی جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئے انہیں بلڈوزروں کے ذریعے روندا گیا۔