کراچی(صباح نیوز)وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ منکی پاکس کا کیس سندھ میں تاحال رپورٹ نہیں ہوا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ اس سال چکن گونیا کے 140 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ملیریا اور ڈینگی کی صورتِ حال بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ سروس کا پروگرام شروع کر رہے ہیں، ادویات کی فراہمی اور ٹیسٹ کی سہولتیں سرکاری ہسپتالوں میں بہتر کرنے کا منصوبہ چل رہا ہے، تمام ہسپتا لوں کے شعبہ حادثات کی گنجائش کو مزید بڑھا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ شہر کے مرکزی ہسپتا لوں کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، ایک ایک کر کے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کیا جائے گا، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے پروگرام کو فعال کرنے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے صوبے میں بیشتر ہسپتا ل اور کلینکس متاثر ہوئے، سول ہسپتا ل میں بہت رش ہوتا ہے، اس کو بہتر کیا جا رہا ہے، نئے ڈاکٹر بھرتی کرنے جا رہے ہیں، سول ہسپتا ل میں سرجیکل اور میڈیکل ٹاور بنا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہر ہسپتا ل میں ملازم کی بائیو میٹرک لازمی کرنے جا رہے ہیں، جعلی ڈومیسائل پر طلبہ کے ایڈمیشن ہوئے، جو بھی جعلی ڈومیسائل کے معاملے میں ملوث ہو گا اس کے خلاف ایکشن ہو گا، جعلی ڈومیسائل پر ایڈمیشن لینے والے طلبہ کو نکالا گیا ۔