اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عید میلاد النبیۖ کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پرتمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی کہ اس بابرکت دن کی فضلیت وسعادت سے ہر مسلمان کا دل نور سے منور کر دے اور وطن عزیز کو اس مقدس دن کی نسبت سے اپنی رحمتوں و بر کتوں سے مالا مال کر دے۔خاتم النبین آنحضرت محمد ۖ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے۔ اس لحاظ سے 12 ربیع ا لا ول کا دن اسلامی تاریخ کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کیلئے رحمت و برکت کا دن ہے ۔یہ دن تمام بنی نوع انسان کو نسلی، علاقائی، طبقاتی، لسانی اور جغرافیائی تعصبات کی دلدل سے نکال کر امن و محبت اور ا تحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ اخوت اور بھائی چارے کی فضاقائم کرنے کے لئے اسوہ حسنہ رسول ۖکی پیروی ناگریز ہے کیونکہ ہماری بقا اور دینی و دنیاوی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ آج اس با سعادت دن کو منانے کا سب سے احسن طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، گفتار، اخلاق اور عمل سے یہ ثابت کریں کہ ہم رحمتہ العالمین کے امتی ہیں اور پیارے پیغمبر ۖ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر اتحاد واتفاق، باہمی محبت ورواداری اور احساس ذمہ داری جیسے نایاب اوصاف پیدا کریں گے جو ہمارے ملک و قوم کی خوشحالی، بقا اور پوری دنیا میں ترقی کیلئے راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔ میں اس مقدس اور بابرکت دن کی مناسبت سے تمام شہدا، غازیوں اور مجاہدوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔حضور اکرم ۖکی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعلِ راہ ہے اور دنیا وآخرت کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن،محبت، ایثار، قربانی،اتحاد ویگانگت کا ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دعاکی اللہ تعالی ہمیں اپنی زندگیاں تعلیمات نبوی ۖکی روشنی میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments