اپوزیشن کی ذمہ داری ہے نااہل حکومت سے عوام کی جان چھڑائے،شاہد خاقان


کراچی(صباح نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ نااہل حکومت سے عوام کی جان چھڑائے۔

کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ سب سے نااہل کرپٹ ترین حکومت سے عوام کی جان چھڑائے، کوئی نیا تجربہ یا الائنس نہیں ، تمام اپوزیشن جماعتیں بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں پیش کردہ رپورٹ میں سب سے کرپٹ ترین طبقہ سیاستدان ہیں،نیب نے سب سے زیادہ ریکوری ہائوسنگ سوسائٹی سے کی ہے، چیئرمین نیب آج کل ڈیلی ویجز پر ہیں، چیئرمین نیب جاتے ہوئے اپنے اثاثے بتاتے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک خط آج کل بہت وائرل ہے،رجسٹرار نے خط لکھا ہے کہ چیف جسٹس کو تاحیات سکیورٹی دی جائے، یہ خط لکھنے کی کیا ضرورت تھی؟۔

انہوں نے کہا کہ کیا حکومت کو نہیں پتہ چیف جسٹس کو کیسی سکیورٹی دی جاتی ہے، سابقہ چیف جسٹس بلڈنگ گرانے کیلئے مشہور ہیں۔انہوں نے کہا کہ نسلہ ٹاور میں جن لوگوں نے گھر لئے ان کو انصاف کون دیگا،،یہ عدلیہ اور سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ اجلاس میں یوسف گیلانی سمیت دیگر ارکان کو موجود ہونا چاہئے تھا،سٹیٹ بینک کے بل میں ایسی شقیں شامل کی گئیں کہ وہ عوام کے علم میں لائے بغیر معلومات آئی ایم ایف کو دے سکے۔