اسلام آباد(صباح نیوز) بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد وزیراعظم عمران خان جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کل (منگل کو)بلوچستان جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے علاقہ نوشکی جائیں گے جہاں انہیں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر سے ملاقات کریں گے اور سکیورٹی امور سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم کو صوبہ میں سکیورٹی صورتحال ، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ بلوچستان ترقیاتی پیکج میں پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ دورے کی وجہ سے وفاقی کابینہ کا کل(منگل کو) معمول کا اجلاس بھی ملتوی ہونے کا امکا ن ہے۔