لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف میاںمحمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو اپنے کرتوتوں کی وجہ سے خوفزدہ ہونا چاہئے ، حکومت نے غریب آدمی کوتباہ حال کردیا ، مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور کرپشن کے ریکارڈٹوٹ گئے ، یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ہے۔
ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہائوسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیسز میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صحافی کی جانب سوال کیا گیا کہ کیا حکومت گھر چلی جائے گی،اس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ تواللہ تعالیٰ کو ہی پتا ہے مگر ہماری پوری کوشش ہے۔
ا نہوں نے کہا کہ حکومت نے جو ملک کے اندر تباہی کی ہے اس کی وجہ سے اسے خوفزدہ ہونا چاہئے، کرپشن ، نااہلی نے غریب آدمی کو تباہ حال کردیا اورمہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کہہ رہی ہے۔ حکومت خوفزدہ نہیں ہو گی تواور کیا ہو گی۔