ایس بی سی اے کے رولز مرتب نہ کرنے کیخلاف درخواست، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ طلب

کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)کے رولز مرتب نہ کرنے کے خلاف درخواست پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ کو طلب کر لیا اور سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔سندھ ہائی کورٹ میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)کے رولز مرتب نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس میں ترمیم کی تجاویز محکمہ قانون کو بھیج دی ہیں، ایک سال ہو چکا، جواب نہیں دیا جا رہا،

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آرڈیننس 1979 میں آیا، آرڈیننس آنے کے بعد سے اب تک ایس بی سی اے کے رولز مرتب نہیں ہوئے، کراچی بلڈنگ اینڈ ٹان پلاننگ ریگولیشن 2002 میں بنائے گئے۔محکمہ قانون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں تاحال ایس بی سی اے کی ترامیم موصول نہیں ہوئی ہیں۔درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ایس بی سی اے کو اراضی رہائشی سے کمرشل کرنے کا بھی اختیار نہیں حالانکہ پہلے رولز بنائے جانے تھے تاہم ریگولیشن پہلے بنا دیئے گئے، ایس بی سی اے کی موجودہ پریکٹس غیر قانونی ہے۔عدالت نے ایس بی سی اے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ کو طلب کر لیا اور سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔