یوٹیلٹی سٹورزکو بند کرنے کا فیصلہ ملازمین کا معاشی قتل  ہے، چوہدری محمد یٰسین


اسلام آباد (  صباح نیوز )پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدرشوکت علی انجم،چیئرمین عبدالرحمان عاصی،نسیم راؤ،حاجی انورکمال،ثناء الحق ناصر،خادم حسین کھوسو،منیرحسین بٹ،سید عطااللہ شاہ،اسدمحمود د دیگر مزدور رہنماؤں نے یوٹیلٹی سٹورزکو بند کرنے کے فیصلے کو ملازمین کا معاشی قتل قراردیا

اپنے مشترکہ بیان میں ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس عمل سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا ،یوٹیلٹی سٹورزانتظامیہ کے مطابق وفاقی حکومت نے دوہفتے کا وقت دیا ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب اشیاء پر سبسڈی پہلے ہی ختم ہو چکی ہے ،یوٹیلٹی سٹورز بند ہونے سے سولہ ہزارسے زائد ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے جس سے ملک میں غربت،مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو گا ،اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمدشہبازشریف،وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداواررانا تنویر حسین اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس فیصلے پر نظر ثانی کریں تاکہ تمام مزدوروں کو اس مہنگائی کے دور میں بے روزگارہونے سے بچایا جا سکے اور انکے گھروں کے چولہے جل سکیں،پاکستان ورکرزفیڈریشن جو کہ ملک بھرکے مزدوروں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے وہ یوٹیلٹی سٹورزملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنی طرف سے مکمل تعاون کایقین دلاتی ہے ۔