کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ28اگست کی ہڑتال عوام کے دلوں کی آواز ہے، کل عوام اور تاجر بھرپور ہڑتال کرکے حکمرانوں کی ظلم وناانصافیوں پر مبنی پالیسیوں سے نفرت کا اظہار کریں گے، جماعت اسلامی ایک انقلابی وعوامی جماعت ہے جو ملک وقوم کی خدمت اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے،بدھ کو مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کیخلاف ملک گیر ہڑتال بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ،ہماری تمام جدوجہد کا مقصد انسانیت کی خدمت اور رضائے الاہی کا حصول ہے،میڈیا اور عوام ظلم کیخلاف جاری جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے ڈگری پریس کلب کے 25رکنی صحافیوں کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ڈگری جماعت اسلامی کے رہنماء یاسین گجر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ فرسودہ نظام کو تبدیل کرکے ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کا نفاذ چاہتی ہے،حکومت نے جماعت سے کئے گئے معاہدے کے مطابق اگر بجلی بلوں میں کمی،ظالمانہ ٹیکس ختم اور تنخواہ دار طبقے کو رلیف نہیں دیا تو جماعت اسلامی پھر عوام کے حقوق کیلئے سڑکوں پر ہوگی۔
دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے لاڑکانہ میں ایران بس حادثے کے نتیجے میں شہید زائرین کے ورثا سے تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کی۔صوبائی رہنماء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کے ورثا اور زخمیوں کی مالی مدد کی جائے۔انہوں نے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔