اسلام آباد میں ڈائریکٹوریٹ آف ورکرز ایجوکیشن کے زیر اہتمام سٹیک ہولڈرز کا سالانہ اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز) ڈائریکٹوریٹ آف ورکرزایجوکیشن کے زیر اہتمام سٹیک ہولڈرز کی سالانہ میٹنگ مرکزی آفس میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ورکرزایجوکیشن محمد اکبررائے،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین،ایڈیشنل سیکرٹری منسٹری آف ریلوے شعیب عادل،اسلامی یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظفراللہ بیگ سمیت ورکرزویلفیئر،ای اوبی آئی،سی ڈی اے ،اٹک آئل ریفائنری،اوجی ڈی سی ایل سمیت دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی،میٹنگ میں شرکاء نے آئندہ سال ڈائریکٹوریٹ آف ورکرزایجوکیشن کے ٹریننگ پروگرامز اور کورسزکی تیاری کے حوالے سے مختلف تجاویز اور آراپیش کیں،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ورکرزایجوکیشن محمد اکبررائے نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ورکرزایجوکیشن نے اپنے محدودوسائل کے ساتھ مختلف ٹریننگ کورسزکروائے جس سے مزدور طبقے میں ان کے حقوق خصوصاً صحت و سلامتی سے متعلق آگاہی پیداہوئی ہے،ڈی ڈبلیو ای کے پلیٹ فارم سے مختلف اداروں کے ملازمین کو ایجوکیٹ کیا اور ٹرینرپیداکیے جس سے مزدوروں کو اپنے مسائل اور کام سے آگاہی حاصل ہوئی ہے جس سے یقینا وہ پہلے سے بہترانداز میں کام کریں گے،ڈی ڈبلیو ای دفترہذا میں روزانہ کی بنیاد پر آن لائن ملک سے باہر کام کے لیے جانے والے ملازمین کو کام کرنے کے سلیقے اور اخلاقی معیارکے کورسز کروارہے ہیں اور آئندہ سال بھی مختلف ٹریننگ کورسزکروائیں جائیں گے ،

بائیک سروس، ٹرانسپورٹ کے شعبے،اتواربازار اور سینٹری ورکروں کو بھی ٹریننگ دی جائے گی ،اس موقع پر پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ملک کے موجودہ معاشی و اقتصادی حالات کی وجہ سے محنت کش طبقہ جو اس ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے نہایت ابتری کا شکار ہے اور حالات زار اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ مزدور طبقہ اپنے بچوں کو بنیادی ضروریات مناسب خوراک ،تعلیم ،رہائش اور لباس مہیا کرنے سے بھی قاصر ہو رہا ہے ، ملک میں موجود غیر یقینی صورتحال اور روزبروز بڑھتی ہوئی مہنگائی ،پٹرول بجلی اور خوردنی اجناس اور ادویات کی قیمتوں میں تیزی سے ہونے والے اضافے نے مزدور طبقے پر برے اثرات مرتب کیے ہیں ،پاکستان میں غیر رسمی شعبے میں مزدوروں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے لیکن آج بھی غیر رسمی شعبے کے لیے کوئی قوانین موجود نہیں ہیں جس سے مزدوروں کو سہولیات و مراعات نہیں مل رہی ہیں،شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ای اوبی آئی ،ورکرزویلفیئرفنڈاور سوشل سیکورٹی جیسے ادارے قائم کیے جن سے مزدورکاز کو ریلیف ملتاہے ان اداروں میں مزدوروں کی حقیقی نمائندگی ہونی چاہیے تاکہ تمام مزدوروں کوان کا حق مل سکے اور ادارے سے بدانتظامی اور کرپشن جیسے عناصرکا خاتمہ ہو سکے ،پاکستان ورکرزفیڈریشن اور ڈائریکٹوریٹ آف ورکرزایجوکیشن مل کر مزدوروں کودرپیش مسائل اور انکے حل کے لیے کام کریں گے ۔