لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرچم کشائی بھی کی۔پرچم کشائی کی تقریب بادشاہی مسجد اور لاہور کے شاہی قلعے کے درمیان واقع حضوری باغ میں ہوئی۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز خصوصی بچوں سے ملیں اور بچوں نے نغمہ گایا، مریم نواز نے نغمہ گانے پر خصوصی بچوں کو داد دی۔تقریب میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب بھی نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قوم کو77واں یوم آزادی مبارک ہو، کہ میری دائیں جانب سپیشل بچے کھڑے ہیں،میں تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہوں،اللہ تعالیٰ کا شکر ہے ہمیں آزادی جیسی نعمت سے نوازا۔انہوں نے کہا کہ بچوں نے پڑھا ہم زندہ قوم ہیں ہم پائندہ قوم ہیں، آنے والے دور میں ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ۔مریم نوازنے کہا کہ میاں چنوں ارشد ندیم کے گھر گئی تھی، میں ارشد ندیم کو تاریخی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے بس تلاش کی ضرورت ہے ، یوم آزادی پر ہر پاکستانی خوش ہے،اللہ کا شکر ہے ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقلیتی برادری کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ، جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا ہی اقلیتوں کا بھی ہے، سفید رنگ اقلیتوں کی نشاندہی کرتا ہے، ایمان اتحاد کی مثال بچوں نے قائم کرنی ہے، ملک کا نام روشن کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، نام روشن کرنے کا سلسلہ دہائیوں بعد نہیں آنا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بہت ساری نعمتوں سے نوازا ہے، فلسطین میں بہت مظالم ڈھائے جارہے ہیں، اللہ تعالیٰ فلسطین کو ظلم سے نجات دلائے، ہمیں دیکھنا ہے 77سال میں ہم کتنا کامیاب ہوئے، شہادتیں دے کر ہمارے جوان ملک کی حفاظت کررہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ آج کے بعد عہد کریں جب بھی ہم سوچیں اپنے ملک کیلئے سوچیں، یہ ملک زندہ رہنے کیلئے بنا ہے، اللہ کرے یہ ملک ہمیشہ سب سے اونچا رہے، اللہ تعالیٰ اس ملک کو سلامت رکھے۔