قوم کو بجلی بلوں کے بحران سے نکالیں گے، احسن اقبال


لاہور(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ  ، حکومت بجلی بحران پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہی ہے، قوم کو بجلی بلوں کے بحران سے نکالیں گے۔

ایکسپو سنٹر لاہور میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، زراعت کے شعبے سے اربوں ڈالر کی برآمدات سے اپنے وسائل میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا، مختلف صوبوں سے تاجروں کو نمائندگی کا موقع دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے ثابت کیا کامیابی کا وسائل سے تعلق نہیں ہوتا، ارشد ندیم نے اپنی محنت اور لگن سے تمغہ جیتا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا بجلی کے بلوں کا بحران ہمیں ورثے میں ملا ہے، حکومت بجلی بحران پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہی ہے، قوم کو بجلی بلوں کے بحران سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں بہت گنجائش ہے، پاکستان نے اگر آگے بڑھنا ہے تو برآمدات میں اضافہ کرنا پڑے گا، ہمیں ایسے چلنا ہے جیسے ارشد ندیم پاکستان کے پرچم کو بلند کرکے لوٹا ہے، ارشد ندیم سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ کام میں وسائل کی کمی کے باوجود بھی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر ارشد ندیم گولڈ میڈل جیت سکتا ہے تو وسائل سے مالا مال اس ملک کو ترقی کا گولڈ میڈل کیوں نہیں جتواسکتے، کل رات ارشد ندیم کے والد نے بتایا کہ میں نے رزق حلال سے اپنے بچوں کو پالا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی کا مہینہ ہے کہ ہمیں سوچنا ہے پاکستان کے ساتھ بہت کچھ ہوچکا،  انہوں نے کہا کہ، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا کہ چند ججوں اور جرنیلوں نے ایک اناڑی کو پاکستان پر مسلط کردیا۔