اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قراداد منظور کرلی گئی۔صدر مملکت آصف زرداری کو ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازنے کی سفارش۔اجلاس اسپیکر سردارایازصادق کی صدارت میں ہوا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کرتا ہے، ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ وسائل کی کمی اور راہ کی دشواریاں راستہ نہیں روک سکتی۔ یہ ایوان ارشد ندیم کی سابقہ کامیابی کو بھی احترام سے دیکھتی ہے، یہ ایوان سفارش کرتی ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازیں ۔قرارداد میں تجویز دی گئی کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کرے۔وزیردفاع خواجہ آصف نے ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ جیتنے پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان نے تین دہائیوں کے بعد ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جیت پاکستانی نوجوانوں کی ہر شعبے میں صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ پاکستان عالمی مقابلوں میں مزید تمغے جیت سکے۔اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے ارشد ندیم کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا۔