صدر، وزیر اعظم، چیرمین سینٹ، سپیکر، سروسز چیفس کی ارشد ندیم کو مبارکباد


 اسلام آباد(صباح نیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف ، چیرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تاررڑ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی جانب شاندار کارکردگی سے گولڈ میڈل جیتنے پر پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو سراہتے ہوئے انہیں پوری قوم کا فخر قرار دیا ہے۔اپنے پیغام میں صدر نے ارشد ندیم کی غیر معمولی کامیابی کو نہ صرف انفرادی جیت بلکہ پوری قوم کی فتح قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لئے طلائی تمغہ حاصل کرنا پوری قوم کے لئے نہایت فخر کا لمحہ ہے۔صدر نے ارشد ندیم کی لگن اور سخت محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے مستقبل میں بھی ارشد ندیم کی کامیابیوں کے لئے دعا کی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی طرف سے طلائی تمغہ حاصل کرنے پر پوری پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے ارشد ندیم کی غیر معمولی کامیابی کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے نہ صرف طلائی تمغہ حاصل کیا بلکہ اولمپکس کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی پاکستان کے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔یہ قوم کی کھیلوں کی تاریخ کا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم قومی فخر کی علامت اور نئی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے رات پیرس اولمپکس میں نیزہ پھینکنے کے فائنل مقابلے میں پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کا میچ براہ راست دیکھا۔وزیراعظم نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی اور اولمپکس میں نیزہ پھینکنے کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کرنے پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔ وزیراعظم نے تین عشروں بعد اولمپکس میں تمغہ جیتنے پر قوم کو مبارکباد دی۔

پاکستان کی مسلح افواج ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی ارشد ندیم کی طرف سے اولمپکس میں پاکستان کے لئے پہلا انفرادی طلائی تمغہ حاصل کرکے تاریخ میں اپنا نام رقم کرنے کے اس تاریخی لمحے پرقوم کو گرمجوشی سے مبارکباد دی ہے۔ایک بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی ارشد ندیم کے غیر متزلزل عزم ، انتھک لگن ، مثالی محنت کا نتیجہ ہے اور وہ پوری قوم کے لئے ایک روشن مثال ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ کامیابی پاکستان کے ٹیلنٹ اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے جو عالمی سطح پر ملک کی بہترین صلاحیت کا مظہر ہے۔اولمپکس میں پاکستان کے لئے پہلا انفرادی تمغہ حاصل کرکے ارشد ندیم نے پاکستان کے عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور وہ قومی ہیرو بننے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی دنیا میں بھی شہرت کی علامت بن گئے ہیں۔