وفاقی حکومت کشمیر کا مسئلہ عالمی فورمزپراٹھائے،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو چاہئے کہ کشمیر کا کیس مسلسل اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر اٹھائے۔ صرف ایک تقریر سے کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑا جا سکتا۔

آپ نے 2 منٹ کی خاموشی کرنی تھی، آپ 2 سال 5 ماہ سے خاموش ہیں۔ کشمیر کے معاملے پر حکومت سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ آج کا دن تمام کشمیر کے بہن اور بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کا دن ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت نے 1990 میں پہلی بار یوم یکجہتی کشمیر سرکاری طور ہر منانے کا اعلان کیا۔

تب سے 5 فروری کشمیری بہن بھائیوں کی لازوال جدوجہد کی حمایت اور تجدید احد کے طور پر منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے اب تک مقبوضہ کشمیر ایک جیل بنا ہوا ہے۔ 80 لاکھ سے زائد آبادی کو انسانی حقوق اور بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ کشمیر متعلق اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر آج تک عمل نہیں ہوا۔ عالمی دنیا ان مظالم پر کب تک خاموش رہی گی؟