اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جی ایس ایم ایسوسی ایشن ایشیا پیپسفک کے سربراہ جولئین گورمین کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترویج کے حوالے سے اسلام آباد میں ڈیجیٹل نیشنل سمٹ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے ۔ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات میں جی ایس ایم اے کا انتہائی بنیادی اور اہم کردار ہے ۔انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔عام آدمی کی انٹرنیٹ تک بہتر رسائی ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ای-گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل سکلز کی پیشہ وارانہ تربیت اور جدت اور اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اس مالی سال میں تاریخی ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے ،ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ،ہمارا ویژن ہے کہ ہر شخص کے پاس اسمارٹ فون ، ہر گھر میں برآڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ہر کاروبار میں کیو آر کوڈ کی سہولت ہو ۔وفد نے وزیراعظم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کام سروسز کے فروغ کے حوالے سے جی ایس ایم اے کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، چئیر مین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز اتھارٹی میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمن اور دیگر متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔