اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت کا جماعت اسلامی کے نائب امیر اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ لیاقت بلوچ سے رابطہ ، مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پیشکش کر دی ، جماعت اسلامی کا مثبت جواب ۔ منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ہنگامی بنیادوں پر رابطہ کیا اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمیں مذاکرات سے انکار نہیں ہے ۔ مکمل دلائل کے ساتھ کیس پہلے بھی پیش کر چکے ہیں اب بھی قوم کے مطالبات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں ۔ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان دوبارہ مذاکرات کے معاملے پر پیش رفت ہو گئی ۔ صباح نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے حکومتی رابطوں کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا تھا حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں آ رہا تھا ۔
اچھی بات ہے حکومت آمادہ مذاکرات ہے ۔ مطالبات سے تو ویسے بھی انہیں آگاہ کر چکے ہیں ۔ مذاکرات کے کسی مرحلے میں وزیر توانائی اویس لغاری اور دیگر متعلقہ حکام کی شرکت متوقع ہے ۔ ان رابطوں کے بعد جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیمیں مل بیٹھی ہیں ۔