اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کا سب سے بڑا کشمیر کا انسانی پرچم بنایا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی محمد حمزہ شفقات کی خصوصی ہدایت پر آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد میں بچوں نے تاریخ کا سب سے بڑا کشمیر کا انسانی پرچم بنایا۔
پرچم کو سی ڈی اے ماڈل اسکول سمیت اسلام آباد کے مختلف اسکولز کے ایک ہزار سے زائد طلبا و طالبات نے مل کر بنایا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر آئی سی ٹی، ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی محمد حمزہ شفقات اور ڈپٹی ڈی جی ایڈمن ایچ آر ایم سی آئی لئیق زمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں پرچم کے علاوہ طلبا و طالبات میں پینٹنگ، اسکیچنگ، تقریری اور ملی نغموں کے مقابلے بھی کروائے گئے۔ مختلف اسکولز کے طلبا و طالبات نے کشمیر کے حوالے سے ٹیبلو بھی پیش کیے۔
محمد حمزہ شفقات نے تمام طلبا و طالبات کو خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے یہ انسانی پرچم بنایا اور یہ پرچم عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز بلند کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انکی ہر قسم کی سپورٹ کی جائے گی۔
کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے ہم نے مزید پروگرام بھی منعقد کیے ہیں جس میں ہفتہ کو ایف نائن پارک میں کشمیر کی دو ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔حمزہ شفقات کی قیادت میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے واک کی گئی۔ انہوں نے ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس کلچر اینڈ ٹورازم کے ڈائریکٹر عامر شہزاد اور انکی پوری ٹیم کو بہترین اور کامیاب پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی