پاکستان اور ترکی کو اسرائیل کیخلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کرنا چاہئے،سراج الحق


راولپنڈی(صباح نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کو اسرائیل کیخلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کرنا چاہئے، اسرائیل ایک دہشتگردہے اس نے اسلامی سرزمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، یہ صرف غزہ  یا فلسطین کی جدوجہد نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کی ہے ،فلسطین کے مسلمانوں نے گزشتہ 75 سال سے سکون کا سانس نہیں لیا، اب مشترکہ امن فوج بنانے کی ضرورت ہے

۔سراج الحق نے  اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ  کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، حماس نے ایک لمحے کیلئے بھی اپنی جدوجہد کو بند نہیں کیا، میری اسماعیل ھنیہ سے ملاقات ہوئی، اسماعیل ھنیہ  نے بتایا ایک شہید ہوگا تودوسرا بھی تیار ہوگا۔سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے خود بتایا میرے خاندان کے 31لوگ شہید ہوچکے ہیں، اسماعیل ھنیہ ایک سمندر کی طرح دل رکھتے تھے،مسکراتے رہتے تھے، اسماعیل ھنیہ عالم اسلام کی بہت بڑی شخصیت تھی، اللہ ان کی شہادت کو قبول فرمائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کو چاہیے اس کارروائی کا بھرپور جواب دے، سب جانتے ہیں یہ یہودی اور اسرائیلی کارروائی ہے، اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ اسماعیل ھنیہ کو زندہ نہیں چھوڑیں گے ۔سراج الحق نے کہا کہ اب یہ مسئلہ ڈائیلاگ کا نہیں ہے، اب ایک ہی حل ہے اسرائیل مسلمانوں کے علاقے سے نکل جائے، اسرائیل ایک دہشتگردہے اس نے اسلامی سرزمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، یہ صرف غزہ  یا فلسطین کی جدوجہد نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کی ہے۔ یہ صرف ایران نہیں، پوری امت کا مسئلہ ہے،ایرانی سکیورٹی پر اٹھائے جانے والے سوالات درست ہیں،

انہوں نے کہا کہ ترکی، پاکستان، انڈونیشیا، سعودی عرب اور دیگر ممالک اس حملے کا جواب دیں ، پاکستان اور ترکی کو اسرائیل کیخلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسلمانوں نے گزشتہ 75 سال سے سکون کا سانس نہیں لیا، اب مشترکہ امن فوج بنانے کی ضرورت ہے۔