امیرجماعت اسلامی سندھ کی ایس یوپی کے تحت کل جماعتی کانفرنس میں شرکت

کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے زیراہتمام منعقدہ کل جماعتی کانفرنس میں سیدمرادعلی شاہ حکومت کی جانب سے سندھ کی ہاکس بے ضلع کیماڑی کی6000ایکڑزمین ڈی ایچ اے کے حوالے کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے صدیوں سے قائم گوٹھوں کو مالکانہ حقوق دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کے عوام کے مفادات کے خلاف فیصلہ کیا ہے،صدیوں سے آباد عوام کو بیدخل کرکے ساحلی پٹی کیماڑی کی زمین کی بندبانٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جب تک سندھ میں پیپلز پارٹی اور ڈاکوئوں کارج ہے اس وقت تک سندھ کو امن سکون نہیں مل سکتا ہے۔

کیماڑی کی زمین ڈی ایچ اے کے حوالے کرناصرف ایک زبان سندھی بولنے یاقوم پرستوںکا مسئلہ نہیں یہ ظالم ومظلوم کی جنگ ہے۔ہاکس بے کی زمین پرپہلا حق صدیوں سے آباد گوٹھوں میں رہنے والے عوام کا ہے۔پیپلزپارٹی نے وڈیرہ شاہی اورظالم جاگیرداروں کے ذریعے پورے سندھ کے عوام کو یرغمال بنا رکھا جس کے خلاف جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔جماعت اسلامی اس مسئلے پرای یو پی کے سربراہ سید زین شاہ کے ساتھ ہے۔حافظ نعیم الرحمان کی قیادت جماعت اسلامی پہلے ہی ظالامانہ نظام کے خلاف اورمظلوم عوام کے حقوق کے لیے میدان میں موجود ہے۔راولپنڈی میں دھرنا جاری ہے ۔کل 31جولائی سے کراچی میں سندھ کے گورنرہاوس کے باہردھرنا دیا جائے گا۔