فواد چوہدری اور شیخ رشید نے بانی پی ٹی آئی کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر مجبور کیا،حامد خان


اسلام آباد  (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری اور شیخ رشید نے بانی پی ٹی آئی کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے پر مجبور کیا، فواد تو شروع سے ہی پلانٹڈ بندہ ہے،شیر افضل مروت ذاتی تشہیر کرتے تھے، انہوں نے بیانات دے کر پارٹی کو نقصان بھی پہنچایا،فضل الرحمان کی اسٹیبلشمنٹ سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حامد خان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پابند سلاسل ہیں اس لئے قیادت کا خلا ہے،بانی پی ٹی آئی سے جو ملاقات کرتے ہیں وہ ان سے ملنے والی ہدایات کی مختلف تشریح کرتے ہیں، کچھ لوگ اپنی ذاتی تشہیر کے لئے ایسا کرتے ہیں، کچھ لوگ ایسے ہیں جن سے متعلق تشویش اور شک ہے کہ وہ پارٹی سے مخلص نہیں، ایسے کچھ اور بھی ہیں جو پارٹی کے اندر اختلافات بڑھانے کے لئے بیانات دیتے ہیں ،جو پارٹی کے لئے نقصان دہ تھے ان کو کافی حد تک سائیڈ لائن کردیا ہے، چند کا تو پتہ چل گیا جن میں سے ایک شیر افضل مروت ہے جو کسی اور مقصد کے لیے آیا تھا، شیر افضل مروت ذاتی تشہیر کرتے تھے، انہوں نے بیانات دے کر پارٹی کو نقصان بھی پہنچایا۔

سینئر قانون دان نے کہا کہ مخصوص نشستوں والے فیصلے کے بعد حکومت نے حواس باختہ ہو کر پی ٹی آئی پر پابندی کی بات کی، حکومت کو اصل خوف ٹربیونلز سے ہے، بیشتر سیٹوں بالخصوص پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی پر تو لمبی انکوائری کی ضرورت ہی نہیں، بیشتر سیٹوں پر تو فارم 45 کی گنتی کرکے ہی ہماری بہت ساری سیٹیں نکل آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان کے ذہن میں یہ خوف ہے کہ یہ اب ہماری سیٹیں خالی کرائیں گے، خواجہ آصف کے بارے میں کس کو نہیں پتہ  کہ 27 ہزار ووٹ سے عثمان ڈار کی والدہ سے ہار گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم اور عون چوہدری سمیت ان کے بیشتر لوگ بری طرح ہارے ہیں، جس دن بھی صحیح گنتی ہو گئی اس دن دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہو جائے گا، بانی پی ٹی آئی نے بہت کچھ سیکھا ہے، 8 فروری کے بعد جب بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو وہ بہت خوش تھے کہ قوم نے ان کی بات سن لی ہے۔ایک سوال کے جواب میں حامد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کلیئر ہیں جس نے ایک بار پارٹی چھوڑ دی اسے واپس نہیں لانا، جو لوگ خاموش ہو گئے ان کی واپسی پر غور کیا جا سکتا ہے، سب کا نہیں کہہ سکتا لیکن جنہوں نے پریس کانفرنس کی پارٹی بنائی اور جوائن کیا وہ واپس نہیں آسکتے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران اسماعیل، فواد چوہدری اور عامر کیانی استحکام پارٹی بنانے والوں میں شامل ہیں، فواد چوہدری تو استحکام پارٹی میں شامل ہوئے اور وہاں منہ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے تھے، جیل کاٹنا پتہ نہیں وہ ڈراما تھا کیا تھا،، فواد چوہدری پلانٹڈ آدمی ہے، فواد چوہدری آج سے نہیں ہمیشہ سے ہی پلانٹڈ ہے، اب بھی فواد چوہدری پارٹی کو اندر سے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔حامد خان نے کہا کہ ہمارے نزدیک سب بڑی زیادتی عدم اعتماد کے وقت اسمبلیوں سے استعفے دینا تھا، شاہ محمود اور پرویز الٰہی نے بتایا کہ فواد چوہدری اور شیخ رشید نے بانی پی ٹی آئی کو استعفوں پر مجبور کیا تھا۔مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر حامد خان نے کہا کہ فضل الرحمان سے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتا کیوں کہ ان سے بات چل رہی ہے، فضل الرحمان کی اسٹیبلشمنٹ سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں، فضل الرحمان جو کہہ رہے ہیں وہ فرسٹریشن میں کہہ رہے ہیں۔