عمران خان نے سب سے زیادہ ملک کو مقروض کیا،مریم اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ملک کو مقروض کیا۔

ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ قرضہ لینے پہ خودکشی کرنے والے نے ہر پاکستانی پر واجب الادا قرض میں 50 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں لئے گئے کل قرض کا 70 فیصد عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سال کی مدت میں ملک پر مسلط کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں قرض کے خلاف بولنے والے عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ملک کو مقروض کر دیا۔ساڑھے تین سال میں عمران صاحب نے ملک اور عوام کو صرف مقروض کیا ہے۔قرض لینے کا عمران خان کا تاریخی ریکارڈ پاکستان کے لئے خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین چار سال میں پاکستان سب سے زیادہ مقروض ہوگیا لیکن عمران خان کا بنی گالہ کا محل ریگولرائز ہوگیا پاکستان کی فی کس آمدن کم ہوگئی لیکن تین سال میں آپ کی آمدن 90 %بڑھ گئی ،تین سال میں اور آپ کو تو سب کچھ نیا مل گیا لیکن عوام کو قرض،بھوک،بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کیا ملا ؟

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیپٹن بلال سمیت تمام شہدا ء کو بہادری اور شجاعت کے مظاہرے پر سلام پیش کرتے ہیں۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے برسرپیکار افواج پاکستان اور تمام اداروں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی افواج اور اداروں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کی وجوہات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ہوگا۔