اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ ہے جو نیٹو فورسز چھوڑ کر گئیں۔ گذشتہ روز بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کے حملوں کے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کا میجر شہید ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ گیٹ پر داخلے کے لیے دہشت گردوں نے بارودی گاڑیاں استعمال کیں۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ کامیاب نہ ہو سکا، وہ جو ارادے لے کر آئے تھے ان میں بری طرح ناکام ہوئے۔انہوں نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور مکمل فورسز کے کنٹرول میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ افغان طالبان نے کالعدم ٹی ٹی پی کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ نہیں سمجھ رہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے علاقے کنٹر، پکتیا اور خوست میں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے انٹیلی جنس اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے۔شیخ رشید نے حزبِ اختلاف کے حوالے سے یہ کہا کہ اپوزیشن کچھ نہ کر سکی، حکومت کو ساڑھے 3 سال ہو گئے، سوا سال باقی رہ گیا ۔