اسلام آباد (صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات امن و خوشحالی کے مشترکہ نصب العین پر مبنی ہیں، پاکستان اور ترکمانستان نے اعلی سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے،ترکمانستان کے قومی رہنما قربان گلی بردی محمدوف کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں،ان کا متوقع دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں دفتر خارجہ میں ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردووف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات امن و خوشحالی کے مشترکہ نصب العین پر مبنی ہیں۔ دونوں ملکوں کے عوام کے ایک دوسرے سے مضبوط تعلقات ہیں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے دوطرفہ ایجنڈے کے ساتھ علاقائی اور عالمی پیشرفت کابھی احاطہ کیا ۔ ترکمانستان کے وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان دو طرفہ تبادلوں اور تعاون کے فروغ کے عزم کا غماز ہے۔ خوشی ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دو طرفہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔باہمی مشاورت کے تیسرے دور میں ہم نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیاجبکہ ہم نے اعلی سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو فرو غ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے سیاست ، معیشت ، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی اور آئی ٹی کے ترجیحی شعبوں میں روابط بڑھانے پر بھی غور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کے وزیرخارجہ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ایس آئی ایف سی کے اہم کردار سے آگاہ کیا۔ہم ترکمانستان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ پاکستانی بندر گاہیں دونوں ملکوں کی کاروباری برادری کے لئے پر کشش مواقع فراہم کرتی ہے۔ ترکمانستان کی کمپنیاں گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھائیں۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ تاپی گیس پائپ لائن اور الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی اور ان کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان آزاد ویزہ پالیسی کے لئے مل کر کام کریں گے۔ ہم نے دو طرفہ پارلیمانی روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ تعلیمی وظائف اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ اور ای سی او سمیت کثیر الجہتی فورمزپر تعاون کے فروغ کے لئے پر عزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکمانستان کے وزیرخارجہ کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر ترکمانستان کے وزیرخارجہ راشد میردووف نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست اور برادر ملک ہے، مہمان نوازی پر نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مختلف معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ہم نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا۔ ترکمانستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کیساتھ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی اور ہم نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر پیشرفت پر بھی جائزہ لیا۔