اسلام آباد(صبا ح نیوز)پاکستان نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے قانونی نتائج کے بارے میں عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کا خیرمقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے مشرقی یروشلم سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی پالیسیوں اور طرز عمل سے پیدا شدہ قانونی نتائج کے حوالے سے تھی۔
انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی غیر قانونی پالیسیاں و طرز عمل فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے احترام کی اسرائیل کی ذمہ داری کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے کہاکہ غیر قانونی آبادکاری کی کارروائیاں بند کرنا اور ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنا اسرائیل کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے جولائی 2023 میں کیس پر عالمی عدالت انصاف میں تحریری درخواست جمع کروائی تھی
بعد ازاں جواب بھی جمع کرایا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے فروری 2024 میں عالمی عدالت انصاف کی طرف سے اس کیس پر ہونے والی زبانی عوامی سماعت میں بھی حصہ لیا تھا۔انہوں نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف میں اپنی گزارشات میں پاکستان نے فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے لیے اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، اور اسرائیل کی غیر قانونی حیثیت کو اجاگر کیا۔
ترجمان نے مزید کہاکہ پاکستان عدالت کی مشاورتی رائے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ عدالتی فیصلہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے، فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول اور فلسطین کی ایک قابل عمل، محفوظ، متصل اور خودمختار ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہت ہیں، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔