ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا۔ نواز شریف

لاہور(صباح نیوز)  مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ  ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آ ہم تمہیں انصاف دیں گے۔ انہوں نے  کہا کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا، یہ غریب لوگوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا، ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا،۔

وزیر اعلی پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران مریم نواز نے سولر پینل فنانسنگ اسکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیتے ہوئے اسکیم کے اجرا کے لیے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سیکرٹری انرجی نعیم رف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جب کہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کا ٹیسٹ رن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ لوڈ شیڈنگ سے ستائے ہوئے شہریوں کے لیے حکومت پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل فراہم کرے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ اور ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14 اگست سے سولر اسکیم لانچ کردی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹری بیوشن کمپنی قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے اور اسکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لیے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیو آر کوڈ موجود ہوگا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین سولر اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ  بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کر سکتا، بجلی کابل غریب لوگوں کیلئے ہی نہیں، ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی اور بجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا، 2017 تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018 سے نظر لگی اور غریب پس کر رہ گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آ ہم تمہیں انصاف دیں گے، پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعد میں کون لایا تھا؟ سب کو پتا ہے۔نواز شریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہو گا، عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کے لیے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں۔