اسلام آباد (صباح نیوز) وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے تحت جدید ٹیکنالوجی ایجوکیشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ۔منصوبہ میں اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے 350 سکولوں میں “ایمرجنگ ٹیکنالوجی سینٹرز” قائم کئے جائیں گے۔ وزارت وفاقی تعلیم سے جاری بیان کے مطابق یہ مراکز ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے کہ ورچوئل رئیلٹی، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اینالیٹکس سے بچوں کو متعارف کرانے کے لئے کام کریں گے اور بچوں کو مستقبل کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے ڈیجیٹل لینڈ سکیپ کے لئے تیار کریں گے ۔
منصوبے کا مقصد آئی ٹی کے شعبے میں مہارت اور صلاحیت کو فروغ دینا، طلبا کو ڈیجیٹل مستقبل کے لئے تیار کرنا، آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کی برآمدات اور صلاحیت کو بڑھانا اور پاکستان کو عالمی آئی ٹی کا مرکز بنانا ہے۔ ٹیکنالوجی مراکز کو سہولیات کے اعتبار سے کلاسز اے اور بی میں تقسیم کیا جائے گا ۔ کلاس اے میں کام کرنے کے لئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ کلاس بی میں 320 مڈل اور ہائی سکولوں میں 40,000 طلبا کو سٹیم ، انٹرپرینیورشپ اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ یہ منصوبہ اعلی تربیت یافتہ 175 ٹیک فیلوز کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا ۔