گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے تک کا اضافہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو 3 ماہ کے لیے اضافے سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک کا ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ہوگیا ہے جبکہ ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 7.02 روپے اضافے سے 39.15 روپے ہوگیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 401 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 41.36 روپے ہوگیا۔اس کے علاوہ ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 42.78 روپے کا ہوگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 43.92 روپے کا ہوگیا ہے۔ جبکہ 700 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہوگیا۔واضح رہے کہ نیپرا نے 11 جولائی کو بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں اضافے کی منظوری دی تھی اور اب حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔