ترقی اور خوشحالی کیلئے مشرقی اقوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، صدر آصف زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشٹیو کے ذریعے پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے مشرقی اقوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو میں مشترکہ ترقی کو فروغ دے کر دنیا کے مستقبل کو تشکیل دینے کی بڑی صلاحیت ہے ۔ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیجنگ میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیر اہتمام عالمی ایکشن برائے مشترکہ ترقی کے فورم کے دوسرے اعلیٰ سطح کے  اجلاس سے ورچوئل خطاب کے دوران کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی ترقی کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کریں، پائیدار ترقی اور صحت جیسے عالمی چیلنجوں کو مشرقی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے ۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ زیادہ تر عالمی آبادی مشرقی ممالک بالخصوص چین ، پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ اور چین کی جانب سے مشرقی ممالک اور پوری دنیا کی قیادت میں 21 ویں صدی میں آگے بڑھنے کا خواہشمند ہے، چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کا مقصد پائیدار ترقی کے ایجنڈا پر عمل درآمد کو تیز کرنا ہے ۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹیو پر عمل درآمد کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں ۔