سی پی این ای کا بلوچستان کمیٹی کی تشکیل کا اعلان

کراچی ( صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای )نے سال 2024-25کے لیے بلوچستان کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کمیٹی 2024-25کا چیئرمین عارف بلوچ، ڈپٹی چیئرمین علی رضا لہڑی کو مقرر کیا گیا ہے، دیگر اراکین میں انوری ساجدی، رضا رحمن، منیر احمد بلوچ، خلیل احمد، آصف بلوچ ، عبدالنعیم صادق، گلریز، نادر حسین زمرد اور بالاچ بلوچ شامل ہیں۔ اس کمیٹی کا مقصد صوبہ بلوچستان میں کام کرنے والے سی پی این ای کے رکن اخبارات و جرائد کے مفادات کا تحفظ کرنا،

پرنٹ میڈیا کی سرگرمیاں جیسے فنکشنز، ورکشاپس اور سیمینارز وغیرہ کا انعقاد کرناتاکہ پرنٹ میڈیا کے معیارات کو فروغ دیا جاسکے۔بلوچستان میں سی پی این ای کے اجلاس اور فنکشنز کے انعقاد میں اسٹینڈنگ کمیٹی کی معاونت کرنا، سیکریٹری جنرل/ اسٹینڈنگ کمیٹی کی طرف سے تفویض کردہ دیگر امور کی انجام دہی یقینی بنانا،پریس سے متعلق امور پر غور کرنا اور انہیں اسٹینڈنگ کمیٹی کو پیش کرنا۔ پریس کے کردار اور اہمیت کو اجاگرکرنے کے لیے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرنا ہے۔