مظفر آباد—مسافر جیپ دریائے نیلم میں گرنے کے واقعے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دیولیاں کے مقام پر شاہراہِ نیلم لیسوا بائی پاس روڈ پر مسافر جیپ دریائے نیلم میں جا گری، جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثہ بارش کے دوران پھسلن کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 4 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
مسافر جیپ لوات بالا سے مظفر آباد کی جانب جا رہی تھی کہ شاہراہِ نیلم پر دریائے نیلم میں جاگری۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں کو موقع پر روانہ کردیا گیا تھا، تاہم بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر زخمی ہونے والی خاتون اور 2 بچوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔