نثار کھوڑو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سندھ کے چیئرمین منتخب

کراچی(صباح نیوز)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پی اے سی کے پہلے اجلاس میں کمیٹی کے رکن مخدوم فخرالزمان نے نثار کھوڑو کو پی اے سی چیئرمین منتخب کرنے کے لئے تجویز پیش کی جس کی تمام اراکین نے تائید کی اور پی اے سی کے تمام اراکین نے حق میں ووٹ دے کر نثار کھوڑو کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کا پارلیمانی آئینی مدت کے لئے بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ، پارلیمانی امور و داخلہ ضیاالحسن لنجار بھی موجود تھے ۔واضع رہے کہ  سندھ اسمبلی کی 7 اراکین پر مشتمل پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اراکین میں نثار کھوڑو سمیت پیپلز پارٹی کے محمد قاسم سومرو، سعدیہ جاوید،سید فرخ احمد شاہ، مخدوم فخرالزمان، خرم کریم سومرو اور سنی اتحاد کونسل کے محمد ریحان راجپوت شامل ہیں۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی اے سی چیئرمین سندھ نثار کھوڑو نے کہا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی سندھ کے تمام محکموں میں اخراجات اور فنڈز کے استعمال کی مانیٹرنگ کرے گی انہوں نے کہا کے جس جس محکمے میں سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال اور بے قاعدگیاں کی شکایات موصول ہونگی وہاں پبلک اکانٹس کمیٹی نوٹس لے کر کاروائی کی سفارش کرے گی۔

انہوں نے کہا کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال اور سرکاری فنڈز میں بے قاعدگیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اس لئے تمام محکمے سرکاری فنڈز کا استعمال عوامی کی بہتری کے لئے خرچ کریں۔نثار کھوڑو نے کہا کے سندھ کا بجٹ سندھ اسمبلی منظور کرتی ہے اور پبلک اکانٹس کمیٹی سرکاری فنڈز میں بے قاعدگیوں اور فنڈز کے غیرقانونی استعمال کو روکے گی اور پی اے سی تمام محکموں کے آڈٹ پیراز اور محکموں کے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی روشننی کا جائزہ بھی لے گی۔انہوں نے کہا کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پی اے سی سندھ کے تمام محکموں پر مانیٹرنگ رکھے گی اور پی اے سے کے اجلاسوں میں محکموں کے افسران کی غیرحاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔ نثار کھوڑو نے کہا کے پارٹی قیادت نے جب بھی کوئی ذمہ داری دی ہے اسے بہتر طریقے سے سرانجام دیا ہے۔