مظفر وانی کی شہادت نے کشمیری نوجوان نسل میں آزادی کی نئی امید پیدا کردی،لیاقت بلوچ


 راولا کوٹ (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مظفر وانی کی جرات اور شہادت نے تحریکِ آزادی کشمیر کو نیا ولولہ اور عزمِ نو دیا، مظفر وانی کی شہادت نے کشمیری نوجوان نسل میں آزادی کی نئی امید پیدا کردی اور قابض فاشسٹ ہندوستان کے خلاف مزاحمت کا لازوال جذبہ دے دیا۔ مظفر وانی کی شہادت نے کشمیریوں کے خلاف ہندوستان کے ظلم و جبر اور نسل کشی پر مبنی اقدامات کو پوری دنیا میں ازسرِنو اجاگر کردیا۔

راولاکوٹ آزادکشمیر میں مرکزی سیاسی، سماجی قائدین، اساتذہ اور دانشوروں کی نشست میں میاں محمد اسلم، ڈاکٹر خالد محمود، اعجاز افضل خان اور دیگر رہنما موجود تھے۔ نشست سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ خطہ جموں و کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کرنا اسلامیانِ پاکستان پر ملی، شرعی اور انسانی بنیادوں پر فرض ہے، خطہ کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت سے دوطرفہ تعلقات، دوستانہ سفارتی اور تجارتی روابط کو ہمیشہ بھارت نے سبوتاژ کیا، مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر بھارتی دستور میں خطہ کی خصوصی حیثیت کے یکطرفہ خاتمہ نے حالات کو خود بڑی خرابی سے دوچار کردیا، بھارتی عوام اور جموں و کشمیر کی عوام نے دِلی سرکار کی بیہودہ اور تمام عالمی معاہدوں، قراردادوں کو پامال کرنے کی فاشسٹ مودی کی پالیسی کو انتخابات میں شکست دے کر سزا دے دی ہے۔ ہندوستان اپنی غلطی تسلیم کرے اور ریاستِ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کرے اور حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے  جموں و کشمیر کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق دے۔

لیاقت بلوچ نے کشمیری قائدین سے گفتگو میں کہا کہ مظفر وانی کی شہادت اور غزہ میں فلسطینیوں کی لازوال قربانیوں اور استقامت نے تحریکِ آزادی کو نیا اسلوب دے دیا ہے۔ حکومتِ پاکستان کا فرض ہے کہ متفقہ قومی کشمیر پالیسی بناکر ا،سے آئینی تحفظ دیا جائے۔ کشمیر بہبود فنڈ قائم کیا جائے جِس سے عالمی اداروں کے ذریعے جموں و کشمیر کے عوام اور بھارتی ظلم و ستم سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جائے۔

لیاقت بلوچ نے قائدین کو مشورہ دیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی پر دباؤ بیس کیمپ آزاد جموں و کشمیر، گلگت-بلتستان میں مکمل بیداری اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے غیرمتزلزل اتحاد و وحدت سے ممکن ہوگا۔ بجلی، آٹا کے مسئلہ پر آزاد کشمیر کے عوام نے بے مثال احتجاج کرکے اپنا حق منوالیا، اِسی جذبہ سے بیس کیمپ کے عوام کھڑے ہوجائیں تو غزہ فلسطین کی طرح پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر بھی فلیش پوائنٹ بن جائے گا۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ قومی بجٹ 2024-25 بوسیدہ، ناکارہ نظام اور قیادت کے زوال اور خاتمہ کا باعث بن جائے گا، 12 جولائی 2024 کو اسلام آباد میں بجلی بحران، آئی ایم ایف کی غلامی، بدترین لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف احتجاج اور دھرنا ہر صورت ہوگا، میدانِ کربلا میں بھی امام حسین نے ناحق حکمرانی کے خلاف حق کا علم بلند کیا تھا۔