مسرت عالم بٹ کا شہید برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت


نئی دہلی—  نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے شہید برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے دونوںاطراف سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زوردیا کہ وہ شہید برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے احتجاجی ریلیاں، سیمینارز اور دیگر پروگرام منعقد کریں ،شہید برہان وانی اور ان کے ساتھیوںنے اپنے لہو سے تحریک آزادی کشمیر کی جو شمع روشن کی اس کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے حصول تک  بجھنے نہیں دیا جائے گا۔

تہاڑ جیل سے برہان وانی کے آٹھویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں چیرمین حریت کانفرنس نے کہا کہ برہان وانی سامراجی بھارت کے لیے خوف کی علامت اور کشمیری عوام خاص کرنوجوانوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔ کشمیر کے ان سپوتوں نے بھارت کی بزدل افواج کو للکارا اور لوہے کے چنے چبوائے اور برہان وانی کشمیر کے نوجوانوں کے ہیرو قرار پائے، کشمیری شہدا کی ان مقدس قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے ہمارے مستقبل کے لیے اپنا آج قربان کیا۔

مسرت عالم بٹ نے کہاکہ شہید برہان وانی اور ان کے ساتھیوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی تاریخ رقم کی اور جدوجہد آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ،کشمیری عوام انہیں ہمیشہ یادرکھیں  گے ،انہوں نے کہا کہ ان شہدا کی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ،انہوں نے شہدا  کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے جدوجہد آزادی کو مزید موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے اپنی صفوں میں زیادہ سے زیادہ اتحاد پیدا کریں۔

حریت کانفرنس کے چیرمین نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ برہان وانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا  کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیر کو ان کے یوم شہادت پر احتجاجی ریلیاں، سیمینارز اور دیگر پروگرام منعقد کریں اور عالمی برادری کی توجہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے منظم قتل عام کی طرف مبذول کرائیں۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے 08جولائی2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں برہان وانی کو اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔