ہر سال سینکڑوں نوجوان منشیات کی لت میں اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل تیزی کے ساتھ منشیات کی عادی ہو رہی ہے ۔ہر سال سینکڑوں نوجوان منشیات کی لیت میں پڑ کر اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ منشیات فروش بلا خوف و خطر اپنا دھندہ کرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ملک کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔یونی ورسٹیاں منشیات فروشوں کا اولین ٹارگٹ ہوتا ہے۔حالیہ دنوں میں جس طرح ملک کی مختلف یونی ورسٹیوں میں منشیات کے استعمال کے ہوشربا انکشافات منظر عام پر آئے اس نے حکومت اور سب اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتی ہے اس کے بہترین تربیتی عمل کو آسان بنانا اورحکومتی سطح پر پالیسیاں مرتب کرنا حکومتوں کا فرض ہوتا ہے ۔مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں نوجوانوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے دعوے تو بہت کئے جاتے رہے ہیں مگر حقیقت میں سب نے، جس انداز میں کام کرنے کی ضرورت تھی، کام نہیں کیا۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینا چاہتی ہے ۔ملک و قوم اس وقت بد ترین حالات سے دوچار ہیں ۔وفاقی و پنجاب کابجٹ فراڈ ہے’ اشرافیہ کومزید مراعات دیں اور عوام پر ٹیکسوں کی بھر مار کی’ مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات نہیں کیے گئے، ملک میں ادویات کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 23 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔

میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں سالانہ بنیادوں پر 15فیصد اورہسپتالوں کی سہولیات میں 14فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ۔حکمرانوں نے مہنگائی کی حد کر دی ہے ۔ ہر چیز عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے ۔ آئے دن بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ۔ لوگ ملکی حالات سے تنگ آکر بیرون ممالک کا رخ کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں